ملتان(آئی این پی)شاہ محمودقریشی کے بعد ان کے صاحبزادے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل نکلے ،مخدوم زین قریشی نے موٹرسائیکل پر اپنے والد کے آبائی حلقہ این اے148کا دورہ کیا اور عوام کے مسائل دریافت کئے جبکہ حلقہ میں مریضوں کی عیادت بھی کی،زین قریشی کی تصاویرسوشل میڈیا پروائرل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق سیاستدانوں کے بعد اب ان کی اولاد نے بھی عوام میں مقبول ہونے کا ڈھنگ نکال لیا،تحریک انصاف کے مرکزی وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کے بعد اب ان کے صاحبزادے زین قریشی بھی عوامی سواری پرسوار ہوکرعوام میں پہنچ گئے،زین قریشی کو موٹرسائیکل پرحلقہ کا دورہ کرتے دیکھ کرحلقہ کی عوام حیران رہ گئے ،تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق مخدوم زین حسین قریشی آئندہ انتخابات میں این اے 148سے رکن قومی اسمبلی کے امیدوار بھی ہیں،یاد رہے کہ چندروزقبل سوشل میڈیا پرشاہ محمودقریشی کی موٹرسائیکل پر ملتان کی کچی آبادیوں کا دورہ کرتے تصاویرنے خوب دھوم مچائی تھی تاہم اب ان کے صاحبزادے زین قریشی کی موٹرسائیکل پرحلقے کا دورہ کرتے ہوئے تصاویرکے بھی سوشل میڈیا پرکافی چرچے ہیں۔