اسلام آباد (آئی این پی )بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امیگریشن عملے کی خواتین اہلکاروں سے جھگڑا اور بدکلامی کرنے پر ناروے سے آنے والی تین خواتین کو گرفتار کرکے تھانہ ائیرپورٹ منتقل کردیا گیا،جھگڑا مبینہ طور پر باتھ روم میں ٹشو پیپر نہ ہونے کے باعث کیا گیا،ڈائریکٹر آیف آئی اے اسلام
آباد مظہرکاکا خیل نے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ناروے سے آنے والی خواتین ائیرپورٹ کے ٹائلٹس میں گئیں جہاں ان کو ٹشو پیپر نہیں ملے،یہ خواتین جب امیگریشن کیلئے کاؤنٹر پر آئیں تو وہاں موجود امیگریشن عملے کی خاتون کانسٹیبل سے جھگڑا کیا ،مسافر خواتین کا موقف تھا کہ ائیرپورٹ پر ٹائلٹس میں ٹشوپیپر کیوں نہیں،اسی دوران مسافر خواتین جذباتی ہوگئیں اور کاؤنٹر پر موجود امیگریشن عملے کی خاتون سے بدکلامی کی اور غصے میں آکر ایف آئی اے کے ایک افسر کا موبائل فون چھن کر اسے زمین پر پھینکا جس سے وہ ٹوٹ گیا،امیگریشن عملے نے تینوں مسافر خواتین کو گرفتار کرکے تھانہ ائیرپورٹ منتقل کردیا دوسری طرف ڈائریکٹر ایف آئی اے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیاہے۔