پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفاق سے کہاہے کہ گیس انفراسٹرکچر ڈ ویلپمنٹ سرچارج میں اضافے کا وعدہ پورا کرے جو وفاقی وزیر پٹرولیم نے کیا ہے ۔صوبوں کے آئینی اور قانونی حقوق کی ادائیگی آئین کے آر ٹیکل5 کے تحت ناگزیر ہو چکی ہے ۔ اسلئے مرکز اپنے وعدے کوبروقت پورا کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت گیس اور تیل پیدا کرنے والے اضلاع میں10فیصد کے تناسب سے ترقی
و بحالی کیلئے منصفانہ فنڈز مہیا کررہی ہے جو ADP کے علاوہ ہے تاہم مرکز کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے ۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کرک، ہنگو اور دیگر جنوبی اضلاع میں قدرتی گیس کے استعمال سے متعلق مقامی لوگوں کی شکایات کے تناظر میں امن و امان کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔سیکرٹری داخلہ ، کمشنر کوہاٹ ، ڈی آئی جی آپریشن پشاور، ڈی آئی جی کوہاٹ، ڈپٹی کمشنر کرک ، جنرل منیجر سوئی نادرن گیس پائپ لائن اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں ہنگو اور کرک میں تیل اور گیس کی ترقیاتی سکیموں ، وسائل کی فراہمی ، امن و امان کی صورتحال اور دیگر اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز خٹک نے جنوبی اضلاع میں دریافت قدرتی گیس کے استعمال میں مقامی آبادی کا حق یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی علاقے کے وسائل میں مقامی لوگوں کا پہلا حق تسلیم کرنے سے انصاف کا بول بالاجبکہ ترقی اور خیر سگالی کو یکساں فروغ ملتا ہے انہوں نے اس حوالے سے کرک میں امن و امان کے مسئلے کو افہام و تفہیم کے ماحول میں حل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے ہدایت کی کہ امن و امان کے مسئلے کو کسی قیمت پر گھمبیر نہ ہو نے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب حق ملنا شروع ہو جائے گا تو مسئلہ خود بخود حل ہو گا ۔وفاق تیل و گیس پیدا کرنے والے علاقوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور
لوگوں کی فلاح و بہبود کا جائز حق یقینی بنائے نیز فوری طور پر گیس انفر سٹر کچر ڈویلپمنٹ سرچارج میں خیبرپختونخوا کا حصہ بڑھائے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تیل و گیس کی دریافت جنوبی اضلا ع سے پسماندگی ختم کرنے کی کلید ہے جب کنوؤں سے تیل اور گیس کی مزید پیداور شروع ہو گی تو اس سے صوبے کواضافی وسائل میسر آئیں گے اور اس کی بدولت تعمیر وترقی کا عمل تیز کرنے میں مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تیل و گیس کے پیداوری اضلاع کے لوگ گیس کے استعمال اور حقوق پر وفاق سے شکایت میں حق بجانب ہیں اور مسائل کے حل کیلئے جرگہ و بات چیت بہترین طریقہ ہے ۔محکمہ سوئی گیس پہلی فرصت میں ایسے اقدامات کرے جس سے بات چیت کا راستہ کھلے ۔ بات چیت کے عمل میں مقامی عمائدین کو لازمی شامل کیا جائے اور مسئلے کا پائیدار حل نکالا جائے ۔
پرویز خٹک نے سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد اور اس حوالے سے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے الگ فورس کے قیام سے متعلق اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبے اور وفاق کی کچھ مشترکہ اور کچھ علیحدہ علیحدہ ذمہ داریاں ہیں۔ ہر کسی کو اپنی ذمہ داری کی انجام دہی میں اخلاص برتنا چاہیئے ۔ ہمارا فوکس مشترکہ طور پر عوام کی فلاح و ترقی اور ان کے جائز حقوق یقینی بنانا ہے اور اس کیلئے متعین ذمہ داریوں کی ادائیگی سے انصاف ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران گیس ڈویلپمنٹ سرچارج میں صوبے کا حصہ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا ۔ اس کو جلد عملی جامہ پہنا نا ضروری ہے ۔ اس سلسلے میں واضح فیصلہ ہوا تھا کہ وفاق گیس انفرسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج میں اضافہ کرے گا۔