واشنگٹن(آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے میکسیکن ہم منصب اینریک پینا نیتو کو فون پر دھمکی دی ہے کہ اگر میکسیکو نے اپنے ہاں موجود بدمعاشوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو اس کام کیلئے وہ امریکی فوج کو میکسیکو پر چڑھائی کا حکم دے دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی اور میکسیکن صدور میں فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران ٹرمپ کا انداز تحمکانہ اور لہجہ توہین آمیز تھا، انہوں نے کھلے الفاظ میں میکسیکن ہم منصب کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے اپنے ملک میں موجود اسمگلروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو امریکا اپنی فوج لے کر ان کے ملک پر چڑھ دوڑے گا۔ٹرانسکرپٹ کے مطابق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میکسیکو میں بہت سے بدمعاش موجود ہیں لیکن میکسیکن حکومت انہیں روکنے کیلئے مناسب اقدامات نہیں کررہی۔ اس گفتگو میں ٹرمپ نے میکسیکو کی فوج کو خوفزدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کسی سے نہیں ڈرتی اور وہ ان عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے امریکی فوج بھیج سکتے ہیں۔اپنی صدارتی مہم کے دوران بھی ڈونلڈ ٹرمپ اگرچہ میکسیکو کے بارے میں ایسے ہی خیالات کا اظہار کرتے رہے ہیں لیکن سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ میکسیکن صدر کو فون کرکے واضح الفاظ میں حملے کی دھمکی دینا ظاہر کرتا ہے کہ ٹرمپ کو دیگر سربراہانِ مملکت سے بات کرنے کے آداب سے بالکل بھی واقفیت نہیں۔