ریاض (آئی این پی)سعودی عرب نے غیر ملکیوں کے ترسیلات زر پر کوئی فیس لاگو نہ کرنے کا واضح اعلان کر دیا جس کے باعث غیر ملکی باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے ترسیلات زر پر کوئی فیس لاگو نہیں ہو گی جبکہ اس سے قبل مملکت کی مشاورت شوری کونسل نے عندیہ دیا تھا
کہ وہ غیر ملکیوں کی ترسیلات زر پر 6 فیصد فیس لاگو کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔وزارت خزانہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ سعوی عرب عالمی معیار پر پورا اترنے کیلئے مملکت کے اندر اور باہر سرمائے کی آزادانہ نقل و حرکت کے اصول پر کاربند ہے۔سعودی عرب کی 30 ملین کی آبادی کا تقریبا ایک تہائی غیر ملکیوں پر مشتمل ہے اور ان میں سے بہت سے افراد ٹیکس نہ ہونے اور اپنے ممالک کی نسبت زیادہ منافع کے باعث یہاں موجود ہیں۔مملک کو اس وقت تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث بجٹ کے معاملے میں دبا کا سامنا جس کے باعث گزشتہ سال ریفارمز پلان کا اعلان بھی کیا گیا جس میں غیر ملکی کارکنوں پر انکم ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔