اسلام آباد(آئی این پی )موجودہ حکومت نے گذشتہ تین سالوں میں ملکی و غیرملکی قرضوں پر 35کھرب اور 52ارب روپے سے زائد کا سود ادا کیا ،جن میں 3265ارب روپے ملکی قرضوں پر جبکہ 2 کھرب87ارب 43کروڑ روپے غیر ملکی قرضوں پر سود ادا کیا گیا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق مالی سال 2014-15سے مالی سال 2016-17 ستمبر تک ملکی و غیرملکی قرضوں پر 35کھرب اور 52ارب روپے سے زائد کا صرف سود ادا کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق جنوری 2014سے جون 2014تک حکومت نے ملکی قرضوں پر 514ارب روپے جبکہ غیر ملکی قرضوں پر 393.98ملین ڈالر سود ادا کیا۔دستاویزات کے مطابق مالی سال 2014-15کے دوران ملکی قرضوں پر 1208ارب روپے جبکہ غیرملکی قرضوں پر 995.43ملین ڈالرسود ادا کیاگیا۔اسی طرح مالی سال 2105-16میں ملکی قرضوں پر 1151ارب روپے جبکہ غیرملکی قرضوں پر 1143.05ملین ڈالر سود ادا کیا گیا۔مالی سال 2016-17 کے دوران ستمبر تک ملکی قرضوں پر 392.69ارب روپے جبکہ غیر ملکی قرضوں پر 214.599ملین ڈالر سود ادا کیا گیا۔