لاہور(آن لائن) پاکستان میں چین اور ترکی کی جانب سے شروع کئے جانیوالے ترقیاتی منصوبوں کے باعث دونوں ممالک کے شہریوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر پنجاب کے ایئرپورٹس پر تعینات امیگریشن عملہ کو چینی اور ترک زبان سیکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے پاکستان آنیوالے چینی اورترکی کے شہریوں کی امیگریشن میں آسانی پیدا ہو گی جبکہ اس سے دونوں دوست ممالک کے عوام میں روابط بھی بڑھیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور ترکی کے مختلف پراجیکٹس کی وجہ سے دونوں ممالک سے انجینئرز ، کاروباری حضرات ، ٹیکنو کریٹس اور عام شہریوں کی پاکستان آمد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ، چنانچہ ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور ایئر پورٹ پر تعینات امیگریشن سٹاف کو چینی اور ترکی زبان سیکھنے کی ہدایات جاری کیں ، جس کے بعد 60 فیصد سے زائد عملہ نے چینی و ترک مسافروں سے بول چال کیلئے ان کی زبانوں کے ابتدائی جملے بھی سیکھ لئے جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے لاہور کے بعد ملتان ، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئر پورٹس پر تعینات امیگریشن عملے کو بھی ہدایت کر دی کہ وہ چینی اور ترکی زبان کے ابتدائی جملوں پر عبور حاصل کریں تاکہ امیگریشن میں آسانی رہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سٹاف کیلئے چینی زبان کے 2 ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ ترکی زبان سیکھنے کیلئے ترکش ایئر لائنز کے عملہ سے مدد لی جا رہی ہے۔