لاہور (این این آئی )صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو لانگ مارچ ضرور کرناچاہیے تاکہ گرفتاریوں اور ڈنڈے ، سوٹے پڑنے سے اسکی از سر نو بحالی ہو سکے ،دو نمبر قسم کی اپو زیشن طاقت کے زور پر حکومت پر قبضہ کرنے کی باتیں کرتی ہے ، پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ کوئی بھی غیر آئینی اقدام نہیں کریگی ، مخالفین کو چیلنج کر تا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کے جتنے بھی میگا پراجیکٹس ہیں ان میں سے کسی ایک میں بھی کرپشن ثابت کر کے دکھائیں ،پنجاب کے ساڑھے 5کروڑ کسانو ں کو پٹوار کلچر سے نجات دلوانے کیلئے 25ہزار 400میں سے 23ہزار 200 مو ضع جا ت کا لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم مکمل کرلیا گیا ہے ، محکمہ اینٹی کرپشن میں بھرتی ہونیوالے امیدواران سے رشوت لینے والے 11افسران میں سے 6کو گرفتارکر لیا گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹو ریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز پنجاب کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ اینٹی کرپشن برگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا بھی موجود تھے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پا کستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں گڈ گورننس ، میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اصول کے طورپر سامنے رکھا گیا ہے ، گزشتہ 8سال سے پنجاب پبلک سروس کمیشن اور نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے امتحانات لیے بغیر ایک بھی بھرتی نہیں ہوئی ، اب تک 76ہزار بھرتیاں محکمہ تعلیم ، 21ہزار ڈاکٹرز، 6ہزار نرسیں اور 15ہزار بھرتیاں محکمہ پو لیس میں کی گئی ہیں، یہ تمام بھرتیاں 100فیصد میرٹ پر ہوئیں ، مخالفین صرف سیاسی تقریروں تک محدود نہ رہیں بلکہ میں انہیں چیلنج کر تا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جتنے بھی میگا پراجیکٹس ہیں ان میں سے کسی ایک میں بھی کرپشن ثابت کر کے دکھائیں ، اس ملک میں عدلیہ آزاد اور خود مختار ہے ، اگر مخالفین کے پاس کوئی ایک بھی ثبوت ہے تو عدالت میں سامنے لے کر آئیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ساڑھے 5کروڑ کسانو ں کو پٹوار کلچر سے نجات دلوانے کیلئے 25ہزار 400موضع جا ت میں سے 23ہزار 200 مو ضع جا ت کا لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم مکمل کرلیا گیا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں 477نشستیں بھرتی کیلئے منظور ہوئیں ، جن کیلئے 8ہزار درخواستیں آئیں اور کم و بیش 100امیدواران کو حتمی طورپر منتخب کر لیا گیا ،جس کے بعد شکایت ملی کہ امیدواران سے لا کھوں روپے رشوت لی گئی ہے جس پر فوراً کارروائی کر تے ہوئے ایف آئی آر نمبر11/16درج کی گئی اور اب تک 11نامزد ملزمان میں سے 6افراد بشمول مقبول احمد داولہ ، محمد طارق ، حافظ کو مل ، مبشر ریا ض ، فیض الحسن اور علی عثمان شامل ہیں جبکہ دیگر ملزما ن کو بھی شامل تفتیش ہونے کے احکامات جا ری کر دئیے گئے ہیں ۔
ہم حتمی طور پر بھرتی شدہ امیدواران کو نوکریوں سے نہیں نکالیں گے بلکہ ضابطہ و قانون کے مطابق ایک واضح پا لیسی پر عمل کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو لانگ مارچ ضرور کرناچاہیے ، ان کو گرفتار ہونا چاہیے اور ڈنڈے پڑنے چاہئیں تاکہ ان کی پارٹی کی از سرنو بحالی ہو ، ان کو حکومت کے خلاف تحریک ضرور چلانی چاہیے تاکہ ان کی پارٹی فعال ہو اور گرمجوشی پکڑے ، ابھی یہ ٹھنڈی چل رہی ہے ، ان کو چاہیے کہ اپو زیشن کا خلا ء پر کریں۔
انہوں نے کہا کہ 2نمبر قسم کی اپو زیشن آگے لگی ہوئی ہے اور وہ طاقت کے زور پر حکومت پر قبضہ کرنے کی باتیں کرتی ہے ، اگر پیپلز پارٹی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی تو ہمیں یہ تو یقین ہے کہ یہ ایک جمہوری جماعت ہے اور کوئی بھی غیر آئینی اقدام نہیں کرے گی ،اس لیے اپو زیشن بھی اورحکومت بھی دونوں پیپلزپارٹی کا حق ہے لیکن اگر انہو ں نے پی ٹی آئی والی روش اپنائی تو پھر ان کی بھی وہی خاطر مدارت کریں گے جو پی ٹی آئی کی کی تھی ۔ انہو ں نے کہا کہ عمران خان نے انگوٹھیاں لو گوں کو دکھانے کیلئے پہنی ہوئی ہیں ،وزیر اعظم صرف پی ٹی آئی کے کہنے پر پا رلیمنٹ میں نہیں آئیں گے بلکہ جب وہ مناسب سمجھیں گے تب ہی آئیں گے ۔