اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی محتسب پاکستان نے دنیا کے 116مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز کو عوامی شکایات کے جلد حل کیلئے اسکائپ سسٹم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وفاقی محتسب پاکستان کے گریوینس کمشنر حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفتر خارجہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز میں تعینات متعلقہ حکام کو اسکائپ ایڈریس قائم کرنے کا حکم دے ۔ انہوں نے کہاکہ جی میل پر بنائے جانے والےا سکائپ ایڈریس پر شکایات کی وصولی اور ان کے جلد حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور وفاقی محتسب کو اس حوالے سے رپورٹ 12دسمبر 2016ءتک جمع کروائی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح کی ہدایات سمندر پار پاکستاٰنیوں کی وزارت اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے ساتھ ساتھ تمام کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کو بھی کی گئی ہے کہ وہ عوامی شکایات کے جلد ازالہ کیلئے حکمت مرتب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی شکایات کو پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز میں سننے کے ساتھ ساتھ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں بھی سنا جا سکے گا۔ جس سے دنیا بھر میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی شکایات کے جلد ازالہ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔