لاہور (نیوزڈیسک) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب میں بسنت منانے کے حوالے سے سفارشات تیار کرنے کیلئے زعیم حسین قادری، یوسف صلاح الدین، کامران لاشاری، محمد مالک اور راجہ جہانگیر پر مشتمل جو کمیٹی قائم کی تھی، اس نے سفارش کی ہے کہ عوامی تہوار کی حیثیت سے بسنت منانے کی اجازت ہونی چاہئے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان نے بتایا ہے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی وطن واپسی کے بعد ان کی صدارت میں ہونے والے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کمیٹی کی سفارشات رکھی جائیں گی اور کابینہ بسنت منانے کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے لاہور میں بسنت کے حوالے سے میرا بیان ٹی وی چینلز پر غلط چلایا گیا نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کمیٹی کی سفارشات کی منظوری کے بعد مخصوص علاقوں میں بسنت منائی جا سکے گی۔