اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی جانب سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے جاری ہونے والے نظربندی کے حکم نامے کو ایک نئی درخواست کیساتھ چیلنج کردیا۔ جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کیخلاف ایک نئے مقدمے کا اندراج بھی کیا جارہا ہے اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نظربندی کے حکم نامے کو بھی چیلنج کردیا ہے۔ عدالت کو درخواست گزار کے وکیل نے مزید بتایا کہ میرے موکل کے بنیادی حقوق ختم کئے جارہے ہیں اور حکومت ان کیخلاف غیرقانونی مقدمات قائم کررہی ہے۔ مختصر دلائل کے بعد عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔