لاہور(پ ۔ر)پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن جنرل میڈیکل پریکٹشنرز (GPs) کو کلینک قائم کرنے کے لئے 7 لاکھ روپے تک بلاسود سمارٹ لون شخصی ضمانت پر فراہم کرنے کے ساتھ منیمم سروس ڈلیوری سٹینڈرڈز‘کوالٹی جنرل پریکٹس اور میڈیکل ایتھکس کے بارے ٹریننگ و کپیسٹی بلڈنگ کا بھی اہتمام کرے گی۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ‘ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے تعاون سے ٹریننگ ماڈیولز تیارکیا جائے گا اور پی ایچ سی ڈاکٹرز کی دستاویزات کی تصدیق اور ایم ایس ڈی ایس کے ایس او پی کی تیاری میں بھی مدد کرے گا۔
یہ بات پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل ثقلین نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے 8اکتوبر کو ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایچ سی‘ یو ایچ ایس‘ پی آئی ٹی بی‘ سی پی ایس پی اور فیملی فزیشنز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر سہیل ثقلین نے بتایا کہ جنرل پریکٹشنرز کی تربیت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام ہو گی جس کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر سہیل ثقلین کا کہنا تھا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ‘جنرل پریکٹشنرز کا ڈیٹابیس تیارکرے گا اور ای ریکارڈنگ مرتب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی کپیسٹی بلڈنگ اور ٹریننگ میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان‘ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو خصوصی معاونت فراہم کرے گا۔