کرناٹک (این این آئی)انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے پاس ایک آبی زخیرے میں کودنے سے دو سٹنٹ کرنے والے افراد کی موت ہو گئی ہے۔یہ دونوں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران سٹنٹ کر رہے تھے۔کنّڑ زبان کی فلم کی شوٹنگ کے دوران سٹنٹ کرنے والے انیل ورما اور راگھو ادے نے ہیلی کاپٹر سے پانی میں چھلانگ لگائی تھی۔انڈین میڈیا کے مطابق یہ چھلانگ 60 فٹ کی بلندی سے لگائی گئی تھی اور اور انھیں 200 فٹ تیر کر کنارے آنا تھا۔ایک مقامی پولیس انسپکٹر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دونوں تیر نہیں سکے اور انھیں بروقت بچایا بھی نہیں جا سکا۔پولیس نے فلم سازوں کے خلاف لاپرواہی برتنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ایک سینیئر اہلکار نے بتایاکہ شوٹنگ کے لیے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔ وہاں نہ تو لائف جیکٹ تھی، نہ ہی کوئی بچانے والی ٹیم اور نہ ہی ایمبولینس۔کنڑ سینما کے معروف اداکار دنیا وجے نے بھی سٹنٹ مین کے ساتھ چھلانگ لگائی تھی لیکن وہ بغیر کسی چوٹ کے تیر کر باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔