اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ماہر وبائی امراض ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا ہے کہ خشک اور سرد موسم کے تناظر میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے بھی گزشتہ روز نومبر اور دسمبر میں کم بارشیں ہونے پیشنگوئی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم میں تبدیلی اور خشک موسم کی وجہ سے لوگوں میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے جن میں پھیپھڑوں ، نزلہ ، گلے اور کھانسی سمیت دیگر بیماریاں شامل ہیں ، انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس موسم کے دوران اپنے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں اور گرم مشروبات اور سوپ کا زیادہ استعما ل کریں۔ اگر گھر سے باہر جانا ہو تو ناک کے اندر زیتون اور سرسوں کے تیل کا استعمال کریں ۔گرم پانی کے ساتھ نمک کے غرارے کیا کریں ۔ڈاکٹر نجیب دورانی نے کہا کہ بارش ہونے کی وجہ سے تمام جراثیم دب جاتے ہیں اس وجہ سے پھر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ کم ہو جاتا ہے ۔