اسلام آباد(آئی این پی)اسلا م آباد میں 23 مار چ یوم پاکستان کی قومی پریڈ کیلئے بنائے گئے پریڈ ایونیو میں (آج) تحریک انصاف کا جلسہ یہاں پہلی سیاسی سرگرمی ہو گی۔ جنرل راحیل شریف کے آرمی چیف بننے کے بعد یہاں 3 دفعہ 23 مارچ کی مسلح افواج کی پریڈ منعقد ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ 2013ء سے قبل پریڈ ایونیو کی جگہ صنعتی نمائشوں اور دیگر غیر سیاسی سرگرمیوں کیلئے مختص تھی لیکن بعد ازاں فیصلہ کیا گیا کہ 23 مارچ کو مسلح افواج کی پریڈ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے کی بجائے یہاں منعقد کی جائے گی
جس کے بعد اس جگہ سے درختوں کو کاٹ کر اسے مسلح افوا ج کی پریڈ کی تقریب کیلئے بنایا گیا۔ مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب کی وجہ سے گزشتہ 3 سالوں سے پریڈ ایونیو مسلح افواج کی نگرانی میں ہے۔ دسویں کور کے ٹرپل ون بریگیڈ کے نوجوان یہاں تعینات ہوتے ہیں۔ منگل کو اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان 2 نومبر کو جلسے کا معاہدہ ہونے کے بعد یہاں سیاسی سرگرمی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت نے جلسے کی جگہ کا معائنہ کیا ہے اور جلسے کیلئے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔