اسلام آباد(نیوز ڈیسک)جی ایس پی پلس سٹیٹس سے صنعتی پیداوار بڑھنے سے یورپ کو برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے بعد پاکستان سے یورپی یونین کو بھیجی جانے والی برآمدات میں دس ماہ کے دوران ایک ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت کا کہنا ہے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پاکستان کیلئے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے ،پاکستان نے جنوری تا اکتوبر دو ہزار چودہ کے دوران یورپی یونین کو چھ ارب اڑتیس لاکھ ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ دو ہزار تیرہ میں اسی عرصے کے دوران یورپی یونین کیلئے پاکستانی برآمدات کا حجم پانچ ارب تین کروڑ ڈالر رہا ،یوں اس بار ان دس ماہ کے دوران پاکستان سے یورپی یونین کو جانے والی برآمدات میں ایک ارب آٹھ کروڑ ڈالر کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا جو بیس فیصد زائد ہے۔