اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے حال ہی میں اپنے شوہر ظہیر اقبال کے ہمراہ ابو ظہبی کی مشہور شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور اس موقع کی تصاویر اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شیئر کیں۔سوناکشی اور ظہیر کی تصاویر کو مداحوں کی بڑی تعداد نے پسند کیا، تاہم چند صارفین نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ نے مبینہ طور پر مسجد کے اندر جوتے پہن کر داخلہ کیا ہے۔
اس تنقید پر سوناکشی نے فوراً ردِعمل دیتے ہوئے وضاحت پیش کی۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا، “ابو ظہبی میں سکون کا لمحہ ملا۔” تاہم ایک صارف کے تبصرے پر، جس میں کہا گیا تھا کہ “جوتوں کے ساتھ مسجد میں جانا گناہ ہے”, سوناکشی نے جواب دیتے ہوئے کہا:“ہم مسجد کے اندر نہیں بلکہ باہر تھے۔ اندر داخل ہونے سے پہلے ہی ہمیں جوتے رکھنے کی جگہ دکھائی گئی تھی، اور ہم نے وہیں جوتے اتار دیے تھے۔ اتنی تمیز ہمیں بھی ہے، اب براہ کرم آگے بڑھیں۔”سوناکشی کی یہ پر اعتماد وضاحت اور حاضر جوابی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور مداحوں نے ان کے پُراعتماد رویے کو سراہا۔یاد رہے کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے جون 2024 میں خصوصی شادی کے قانون (Special Marriage Act) کے تحت شادی کی تھی۔ اس فیصلے کے بعد جوڑے کو مذہبی بنیادوں پر تنقید اور منفی تبصروں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ایک انٹرویو میں سوناکشی نے کہا تھا کہ ان کے نزدیک مذہب نہیں بلکہ محبت سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق، خصوصی شادی کا قانون ان کے لیے بہترین انتخاب تھا کیونکہ اس کے تحت انہیں اپنا مذہب تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی، اور ظہیر بھی اپنے مذہب کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔