راولپنڈی (آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سرنکولس پیٹرک نے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کا اعتراف کیا۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل سرنکولس پیٹرک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں‘ کامیابیوں کا اعتراف کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔ جنرل نکولس نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔