اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے تین سو اڑتالیس ارکان پارلیمنٹ کیلئے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی مہلت آج ختم ہوگی۔ تفصیلات جمع نہ کرانے کی صورت میں رکنیت معطل کر دی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تین سو اڑتالیس ارکان نے ابھی تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں۔ان ارکان میں بائیس سینیٹرز، اکہتر ارکان قومی اسمبلی، ایک سو چالیس ارکان پنجاب اسمبلی، اننچاس ارکان سندھ اسمبلی، اکیاون ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی اور پندرہ ارکان بلوچستان اسمبلی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کراچکے ہیں۔ پندرہ اکتوبر رات 12 بجے تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔