سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے پانپور میں پیر کو ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہوا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پانپور قصبے میں حملہ آوروں نے بھارتی فوجیوں پر ایک سرکاری عمارت سے فائرنگ کی۔ بھارتی حکام کے مطابق حملہ آور دریائے جہلم کے کنارے پر جموں وکشمیر انٹرپرینرشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کی عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں اور جھڑپ ابھی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق عمارت کی نچلی منزل میں آگ لگ گئی ہے۔ بھارتی فورسز نے رواں سال فروری میں بھی ایک جھڑپ کے دوران مذکوہ عمارت کو نذر آتش کرکے نقصان پہنچایا تھا۔ دریں اثناء قابض انتظامیہ نے سرینگر جانے والے تمام راستوں پر بھاری تعداد میں بھارتی فورسز کو تعینات کررکھا ہے جبکہ شہر میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور تلاشی کاروائیاں تیز کی گئی ہیں۔ سڑکوں پر خاردار تاریں بچھا دی گئی ہیں جبکہ ہر ناکے پر بھارتی فورسز کی گاڑیاں کھڑی کی گئی ہیں۔ بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز محرم الحرام کے جلوس کو روکنے کے لیے کسی کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ہیں جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ادھر وادی کشمیر میں 94ویں روز بھی مکمل ہڑتال جاری ہے۔ مشترکہ حریت قیادت نے لوگوں سے پولیس سٹیشنوں کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کرنے کی اپیل کی ہے۔دریں اثناء کشتواڑ میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کا دفتر نذر آتش ہوا ہے۔ضلع کپواڑہ میں سڑک کے ایک ا لمناک حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور3زخمی ہوئے ہیں۔
اڑی حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں سرکاری عمارت پر حملہ آوروں نے قبضہ کرلیا جب کہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 بھارتی فوجی زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سری نگرکے ضلع پامپورمیں ایک سرکاری عمارت پردومسلح افراد نے حملہ کیاتوبھارتی فوج کی جوابی کارروائی میں تین بھارتی فوجی زخمی ہوگئے جبکہ عمارت کوآگ لگ گئی پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے دعوے کرنے والی بھارتی فوج اور صرف 2 مسلح افراد کے درمیان یہ مقابلہ 12 گھنٹے سے جاری ہے جس میں بھارتی فوج ان حملہ آوروں کو قابو کرنے میں بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔ حملہ آوروں نے سرکاری عمارت پر قبضہ کرلیا ہے جب کہ اس دوران علاقے سے دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل اڑی حملے میں بھی بھارتی فوج کی ناکامی کے بعد بھارتی فوج کے جرنیلوں نے پاکستان کے خلاف سرجیکل سڑائیکس کادعوی کیاتھالیکن ابھی تک بھارتی فوج مودی سرکارکواس کے ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔



















































