کراچی /لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اپنے سیاسی کیرئیر میں پہلی مرتبہ پارلیمانی پارٹیز کانفرنس میں قومی قیادت کے ساتھ بیٹھیں گے ، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے نوجوان چیئرمین کے عملی سیاست کے پہلے امتحان کیلئے اپنے موقف کو حتمی شکل دیدی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی طرف سے سرحدی کشیدگی اور مسئلہ کشمیر پر پارلیمانی پارٹیز کانفرنس آ ج پیر کو ہو گی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے ۔بلاول بھٹو کا والدہ اور نانا کی طرح پرجوش انداز خطابت تو سب نے دیکھا تاہم اپنے سیاسی کیرئیر میں وہ پہلی مرتبہ قومی قیادت کے ساتھ بیٹھیں گے۔ اس سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے نوجوان چیئرمین کے عملی سیاست کے پہلے امتحان کے لئے اپنے موقف کو حتمی شکل دیدی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے قومی رہنماؤں کے اجتماع میں پیش کئے جانے والے موقف کے حوالے سے اپنے والد آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کر کے ان سے تفصیلی مشاورت کی ہے ۔ علاوہ ازیں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطوں میں بھی اس پر غوروخوض کیا گیا ہے۔