اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بھارت جنگی جنون کو ہوا دے کر خطے کے امن کوداوپر نہ لگائے۔وطن عزیز کے دفاع کیلئے مسلح افواج اور عوام پوری طرح تیار اور یکجان ہیں۔ صدر مملکت نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری تشد د اور ظلم و ستم پر پردہ ڈالنے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاز پر کشمیر کے مسئلے کو بھر پور طریقے سے اٹھایا ہے جس سے بھارت کی سبکی ہوئی ہے اور اس کا مقبوضہ کشمیر میں اصل چہرہ سامنے آیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب اور اس دورے میں کامیاب سفارت کاری کی وجہ سے بین الاقوامی طور پر پاکستان کو مثبت رد عمل ملا ہے جس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت اب اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے بین الاقوامی برادری کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے جس میں وہ کامیاب نہ ہو سکے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور وہ کسی ملک سے تصام نہیں چاہتا لیکن اگر جارحیت ہوئی تو اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج پوری طرح چوکس ہے اور وہ ایسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا نوٹس لے اور خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت نے کشمیریوں کو آزادی کا نیا جذبہ دیا ہے اور کشمیر کے مسئلہ کے حل کے بغیر خطے میں امن نا ممکن ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر یوں کی کی امنگوں کے مطابق اس مسئلہ کو حل کریں۔