ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے نامور فلم ساز کرن جوہر نے ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باوجود فواد خان اور کترینہ کیف کی فلم’’رات باقی ‘‘ کی شوٹنگ رواں برس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار کرن جوہر نے اپنی نئی آنے والی فلم میں کترینہ کیف کے مد مقابل پاکستانی چارمنگ ہیرو فواد خان کو کاسٹ کیا ہے لیکن بھارتی ہندو انتہا پسند جماعت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کوکام دینے والے فلم سازوں کو سبق سکھانے کی دھمکیوں سے مرعوب ہونے سے انکار کرتے ہوئے رواں برس ہی فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کے بعد نئی آنے والی فلم میں فواد خان اورکترینہ کیف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جب کہ انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے باوجود کرن جوہر رواں برس نومبر میں فلم ’’رات باقی‘‘ کی شوٹنگ دہلی سے شروع کریں گے جس کی ہدایتکاری کے فرائض آدتیہ دہر سرانجام دیں گے۔ فلم کی کہانی رومانوی اور موسیقی پر مبنی ہے جسے اگلے برس نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہندو انتہا پسند جماعت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو فلموں میں کاسٹ کرنے والے بھارتی فلم سازوں پر بھی حملے کا اعلان کیا گیا تھا۔