لاہور( این این آئی)پنجاب میں رینجرز آپریشن کے لیے سفارشات تیار کر لی گئیں ، صوبے میں 13اضلاع کے 17اہم مقامات پر رینجرز آپریشن کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں دہشتگردوں، کالعدم تنظیموں اورانکے سہولت کارروں کیخلاف رینجرز آپریشن شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے اوراس سلسلے میں وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے سفارشات تیار کر کے اعلی حکام کو بھیجوا دی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، راجن پور، رحیم یار خان ، راولپنڈی، گجرات، سرگودھا سمیت 13اضلاع میں رینجرز آپریشن کی سفارش کی گئی ہے جہاں رینجرز آپریشن ہو گا وہاں حساس اداروں کو متحرک کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق3مرحلوں میں آپریشن کی تجویز زیر غور ہے ، پہلے مرحلے میں 4اضلاع میں آپریشن ہو گا جس کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائیگا۔ایک اور ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران پنجاب سے ملحقہ دوسرے صوبوں کی سرحدوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ہے جبکہ دہشتگرد وں، کالعدم تنظیموں اور انکے سہولت کاروں کے فرار کا راستہ روکنے کے لئے بھی اقدامات کر لئے گئے ہیں ۔