اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے آئین میں ترمیم کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جو رواں ہفتے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جائے گاتفصیلات کیمطابق آئین سے الطاف حسین کا نام آؤٹ کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں ڈاکٹر فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے قانونی ماہرین نے آئین میں ترمیم کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی۔ دستور رواں ہفتے الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا امکان ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں بڑا عوامی جلسہ کریں گے ،پہیہ الٹا گھومنے والا ہے،ہم ٹینشن دینے والے ہیں لینے والے نہیں،ہمیں سیاسی سرگرمیوں سے نہ روکا جائے ،نائن زیرو فوری طور پر کھولا جائے۔ایم کیو ایم کے قانونی ماہرین کی طرف سے آئین میں تر میم شدہ مسودہ ڈاکٹر فاروق ستار کے حوالے کردیا گیا ہے، ایم کیو ایم نے اپنے لیٹر ہیڈ میں بھی تبدیلی کی ہے جس سے بانی اور قائد تحریک الطاف حسین کا نام بھی ہٹادیا گیا ہے۔دستور میں ہونے والی تر میم سے الطاف حسین کا ایم کیو ایم سے تعلق ختم کردیا گیا ہے اور نئے دستور کے تحت پاکستان میں ہونے والے فیصلے ایم کیو ایم پاکستان خود کرے گی۔الیکشن کمیشن میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار اور خواجہ اظہار الحسن پیش ہوں گے۔