اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی مسائل کے سارک کے پلیٹ فارم سے حل کی حمایت کرتا ہے جنہیں سارک چارٹر میں درج اغراض و مقاصد کی روشنی میں طے کیا جانا چاہے ۔ اسلام آباد میں سارک وزرائے خارجہ کانفرنس سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ سماجی منشور اورترقیاتی اہداف آگے بڑھنے کا راستہ ہیں ، ہم اس وقت جن مسائل کا شکار ہیں ان میں توانائی کا بحران سرفہرست ہے ، پاکستان توانائی کے چینلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی کوششوں کی حمایت بھی کرتا ہے تاکہ خطے کے ذرائع کو توانائی کے لیے استعمال میں لایا جاسکے ۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ سارک خود اس پوزیشن پر ہے کہ وہ خطے میں سماجی اور معاشی ترقی کے لیے دوسری ریاستوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں رہے ۔