لندن (مانیٹرنگ ڈیسک )برطانیہ میں ناروا سلوک کے بڑھتے واقعات پر تشویش کااظہار کیاجارہاہے۔کبھی مسلمانوں کو سکارف پہننے پر اتادیا جاتا ہے تو کبھی نام کی وجہ سے داعش کا رکن کہا جاتا ہے کہ اسی طرح موبائل فون پر عربی الفاظ دیکھنے پر تین مسلمان بہن بھائیوں کو داعش سے تعلق کا الزام لگا کر جہاز سے اتار دیا گیا۔ برطانوی بہن بھائی چوبیس سالہ سکینہ ، انیس سالہ مریم اور اکیس سالہ علی لندن سے اٹلی جانے کے لیے جہاز پر سوار ہوئے۔ موبائل فون پر عربی زبان دیکھ کر ساتھی مسافر نے انہیں مشکوک قرار دیتے ہوئے جہاز کے عملے کو اطلاع دی ، عملے نے تینوں بہن بھائیوں کو داعش سے تعلق کا الزام لگا کر جہاز سے اتار دیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ائیر پورٹ پر تینوں سے ایک گھنٹہ تک تفتیش کی گئی۔ بہن نے میڈیا کو بتایا کہ وہ عربی زبان بولنا بھی نہیں جانتے ، موبائل میں قرآن پاک کی ایپ تھی جس پر انہیں جہاز سے اتارا گیا۔ ایک گھنٹے کی تفتیش اور موبائل فون چیک کرنے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے بہن بھائیوں کو جہاز میں جانے کی اجازت دے دی۔?