ممبئی(این این آئی)بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پولیس نے مہلک انجکشن لگاکر پانچ خواتین اور ایک مرد کو اگلے جہان پہنچانے والے ڈاکٹر اور اس کی معاون نرس کو گرفتار کرلیا ۔ موت کا شکار ہونے والے افراد کی لاشیں بھی ڈاکٹر کے فارم ہاؤس سے برآمد کرلی گئیں جس کے بعد علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا،بھارتی ٹی وی کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں ڈاکٹر کی گرفتاری اس کے ایک مریض کے لاپتہ ہونے کے بعد عمل میں آئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ڈاکٹر سے لاپتہ شخص کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تو وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر اسے باقاعدہ طور پر گرفتار کرکے تفتیش کی گئی۔دوران تفتیش اس نے چھ افراد جن میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں کی ہلاکتوں کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے نشاندہی پر مارے جانے والوں کی لاشیں بھی برآمد کرلی ہیں۔ ڈاکٹر کی ایک نرس کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔پولیس حکام نے اے ایف پی کو بتایا کہ پال نامی ڈاکٹر دوران تفتیش آئیں بائیں شائیں کرتا رہا تاہم بالآخر اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد گزشتہ ایک برس کے درمیان لاپتہ ہوئے تھے۔