اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا کہ کسی بینک سے ایک دھیلے کا قرض معاف نہیں کروایا، تمام ثبوت سامنے لاؤں گا، بہت جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ ہفتہ کو قرضے معاف کرانے کی خبروں پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میں نے کسی بینک سے ایک پیسے کا قرض معاف نہیں کروایا، تمام ثبوت سامنے لاؤں گا اور (ن) لیگ والوں کو بخشوں گا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ زرعی ترقیاتی بینک کے قرض میں نواز شریف کے عزیز و اقارب ملوث ہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ (ن) لیگ والے ہمارے کرپشن کے خلاف تحریک سے خوفزدہ ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ اس سے پہلے بعض ٹی وی چینلز کی رپورٹس میں کہاگیا کہ حکومت نے سینیٹ میں گزشتہ25سال کے دوران قرضے معاف کرانے والوں کی فہرست جمع کرائی ہے جس کے مطابق سپیریئر ٹیکسٹائل ملز کے جہانگیر ترین اور اکبر خان ترین نے 24 کروڑ 75 لاکھ 87 ہزار روپے کا قرضہ معاف کرایا۔ رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین اور دیگر نے تاندیانوالہ شوگر ملز کیلئے 10 کروڑ روپے قرض معاف کرایا‘سردار ولی مزاری اور شیریں مزاری نے صادق آباد ٹیکسٹائل ملز کیلئے 5 کروڑ 15 لاکھ 28 ہزار روپے معاف کرائے۔(ح ب)