اسلام آباد(این این آئی)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ملک میں آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق یکم اگست سے پیٹرول ایک روپیہ 30 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپیہ 10 پیسے ، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 50 پیسے، ہائی اوکٹین 3 روپے فی لیٹر اور مٹی کا تیل ایک روپیہ 20 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری 30 جولائی کو وزارت خزانہ کو بھجوا دی جائے گی جہاں سے منظوری کے بعد یکم اگست سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوجائیگا ٗاوگرا نے گزشتہ 3 ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی تھی تاہم اسے مسترد کردیا گیا تھا۔ اس لئے اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں رواں ماہ بھی برقرار رکھی جائیں گی۔