اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں ہر سال 8لاکھ 34 ہزار ٹن پولٹری گوشت کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے باعث پاکستان دنیا بھر میں پولٹری کے 20 بڑے صارفین کی صف میں شامل ہو چکا ہے۔ الشہیر کارپوریشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پولٹری کے گوشت اور اس کی دیگر مصنوعات کی طلب میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ پولٹری کے گوشت اور اس کی مصنوعات دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں سستی ہونے کی وجہ سے ان کی طلب بڑھ رہی ہے رپورٹ کے مطابق شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ برآمدات کے فروغ سے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جاسکتا ہے ۔ پولٹری کا شعبہ ملک کے دیہی علاقوں میں روزگار کی فراہمی کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ اس وقت پاکستان میں سالانہ آٹھ لاکھ ٹن سے زائد پولٹری کا گوشت استعمال کیا جارہا ہے جو گوشت کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔