لاہور ( این این آئی) فیڈریل بورڈ آف ریونیو نے جائیداد میں انکم ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کی تیاری کرلی ، تمام صوبوں کے رجسٹرار اور بلڈرز سے 10لاکھ جائیدادوں کی تمام معلومات جمع کرلی گئیں ۔ذرائع ایف بی آر کے مطابق ان تمام افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے جنہوں نے جائیداد میں اس رقم سے سرمایہ کاری کی جس پر انکم ٹیکس ہی ادا نہیں کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر کو تمام صوبوں کے رجسٹرار ، بلڈرز اور ڈیولپرز نے خریداروں کا ڈیٹا بھی فراہم کردیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیٹا سے انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ تر سرمایہ کاری پوش ایریا میں کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق کراچی کے پوش ایریا میں ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے سرفہرست ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیٹا میں ان افراد کو سرفہرست رکھا گیا ہے جنہوں نے اپنی دولت کو چھپایا ہے۔