حیدر آباد ( نیوزڈیسک ) سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب مسافر ویگن الٹنے سے سلنڈر پھٹ گیا۔ 10 افراد جھلس کر جاں بحق ، لاشیں کراچی میں ایدھی سرد خانے منتقل ، دو کی شناخت ہو گئی ، ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے حیدر آباد جانے والی مسافر وین سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب الٹ گئی۔ گیس سلنڈر پھٹنے سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔ واقعے میں 10 افراد جھلس کر جاں بحق اور 10 زخمی ہو ئے۔ ریسکیو ٹیموں نے جاں حق افراد کی لاشیں جناح ہسپتال کراچی منتقل کردیں۔ آگ لگنے کی وجہ سے حادثے میں جاں بحق تمام افراد کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ ایم ایل او جناح ہسپتال کے مطابق کچھ لاشیں مکمل طور پر جل چکی ہیں۔ لاشوں کی شناخت کے لئے ڈی این اے نمونے لے لئے گئے ہیں اور لاشوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے لواحقین سے اپیل کی کہ وہ ڈی این اے کے لیے خون کے نمونے جمع کرائیں۔ لاشوں کی شناخت کے لئے ورثا ایدھی سرد خانے پہنچ گئے۔ جہاں 40 سالہ خاتون مسرت اور ان کے شوہر 45 سالہ اقبال کو ان کے ورثا نے شانخت کر لیا۔ دونوں میاں بیوی ہیں اور لطیف ا?باد حیدر ا?باد کے رہائشی ہیں۔ ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی -المناک حادثے پر صدر ،وزیر اعظم سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے اظہار افسوس کیا ۔