نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)ہا لی ووڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کے فارسی شاعر رومی بننے کے خلاف شروع کی گئی ایک مہم میں ہزاروں لوگوں نے پیٹیشن پر دستخط کردیئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولی وڈ میں صوفی شاعر جلال الدین رومی کی زندگی پر ایک فلم بنائی جارہی ہے، جس کے مصنف اور ہدایت کار اس سوانح حیات کے لیے لیونارڈو ڈی کیپریو کو ’رومی‘ کے کردار جبکہ روبرٹ ڈاؤننگ جونیئر کو ’شمس تبریز‘ کے کردار کے لیے منتخب کرنے پر غور کر رہے ہیں۔دی گارجین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فلم ہدایت کار نے دعویٰ کیا کہ یہ فلم مغربی سینما میں مسلمانوں کے بارے میں پائے جانے والے تاثر کو تبدیل کر دے گی۔تاہم لوگوں نے ان کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اب اس کے خلاف ایک مہم کا بھی آغاز کیا جاچکا ہے۔رپورٹس کے مطابق اس پیٹیشن کا آغاز کرنے والے ایک شخص کا ماننا ہے کہ لیونارڈو ڈی کیپریو کو ’رومی‘ بنانے سے مسلمانوں کی کامیابیوں کا کریڈٹ انگریزوں کو دیا جارہا ہے۔