لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جانب سے انگلینڈ کے دورے میں مستقل اوپنر محمد حفیظ یا شان مسعود کی عدم دستیابی کی صورت میں نوجوان سمیع اسلم کے بجائے اظہرعلی سے اوپن کرانے کی دی گئی تجویز کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے مخالفت کر دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ انضمام الحق کے مطابق سمیع اسلم ناتجربہ کاری کے باعث شاید انگلینڈ کی کنڈیشنڈ کا سامنا کرنے کے قابل نہ ہوں اس لیے بہتر یہی ہوگا کہ اظہر علی کو اوپنر کے طور پر رکھا جائے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح نے انضمام کو واضح طور پر کہا اگر چیف سلیکٹر کو سمیع اسلم کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ نہیں ہے تو انھیں اوپنر کے طور پر شامل نہیں کرنا چاہیے لیکن اگر وہ منتخب ہو گئے تو نوجوان اوپنر کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں دوہری ذمہ داریاں دی جائیں گی۔محمد حفیظ کا ٹیسٹ ٹیم میں انتخاب بدستور ڈرامائی ہے جیسا کہ انھوں نے نہ تو کاکول بوٹ کیمپ میں شرکت کی اور نہ ہی لاہور میں مختصر تربیتی کیمپ میں حصہ لیا تاہم اس کے باوجود ان کا نام تاحال اسکواڈ میں شامل ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق محمد حفیظ اپنے طور پر گھٹنے کی انجری سے بحالی میں مصروف ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کی انگلینڈ روانگی سے قبل وہ مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔