ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی اداکار فواد خان بولی وڈ میں ایک کے بعد ایک بہترین فلموں میں کام کررہے ہیں اور اب خبریں ہیں کہ انہوں نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’گستاخیاں‘ میں معروف اداکار عرفان خان کی جگہ لے لی ہے۔اس سے قبل رپورٹس تھیں کہ سنجے لیلا بھنسالی ہندوستانی شاعر ساحر لدھیانوی کی زندگی پر فلم بنانے جارہے ہیں جس میں عرفان خان مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے، تاہم اب سننے میں آرہا ہے کہ یہ کردار فواد خان کو مل گیا ہے۔فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق فواد خان اور پرنیتی چوپڑا فلم ’گستاخیاں‘ میں ایک ساتھ پہلی مرتبہ کام کرتے نظر آئینگے۔اس فلم کی کہانی ہندوستانی شاعر ساحر لدھیانوی کی زندگی پر مبنی ہے جس میں ان کی امریتا پریتم کے ساتھ رومانوی زندگی کو پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق فلم ساز کا ماننا ہے کہ فواد ساحر کی نوجوانی کی زندگی کا کردار کرنے کے لیے عرفان خان سے بہتر انتخاب ہیں جس کے بعد اس فلم کے لیے ان سے رابطہ کیا گیا۔