دبئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، پاکستان تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر برقرار ہے، جیمز اینڈرسن نے سری لنکا کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دو درجے ترقی پا کر دنیا کے نمبر ایک باؤلر بن گئے، انہوں نے ہم وطن باؤلر سٹورٹ براڈ سے پہلی پوزیشن چھینی ہے۔ بلے بازوں میں یونس خان پانچویں اور مصباح الحق دسویں نمبر پر برقرار ہیں۔ منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں ٹیموں کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، آسٹریلیا پہلے، بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور بنگلہ دیش نویں نمبر پر ہے۔ بیٹنگ میں ابتدائی دس پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، سٹیون سمتھ پہلے، جوروٹ دوسرے، ولیمسن تیسرے، آملہ چوتھے، یونس خان پانچویں، ڈی ویلیئرز چھٹے، ووجز ساتویں، وارنر آٹھویں، میتھیوز نویں، مصباح دسویں، راہانے گیارہویں اور اسد شفیق بارہویں نمبر ہر ہیں۔ ایلسٹرکک 15 ویں، جونی بیئرسٹو 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے، سری لنکا کے دنیش چندیمل ترقی پا کر 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ جیمزاینڈرسن نے سری لنکا کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور دو درجے ترقی پا کر دنیا کے نمبر ایک باؤلر بن گئے، ایشون دوسرے نمبر پر موجود، براڈ تنزلی کے بعد پہلے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے، یاسرشاہ کا چوتھا نمبر برقرار ہے۔ آل راؤنڈرز میں ایشون سرفہرست، شکیب الحسن دوسرے، سٹورٹ براڈ تیسرے نمبر پر ہیں۔