اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت وپیداوار کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان میں گزشتہ تین سال کے دوران 71 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و تجارت کے اجلاس میں بتایا گیا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں گزشتہ 3 سال کے دوران 36 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی جس کی تحقیقات جاری تھیں تاہم جوں جوں تحقیقات بڑھتی جارہی ہیں کرپشن کی رقم بھی بڑھتی جارہی ہے اور یہ 71 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کرپشن کے الزامات میں اب تک یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے 139 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا جاچکا ہے ۔ کرپشن کے الزام میں کے پی کے سے 17، پنجاب37، سندھ 58 اور بلوچستان سے 28 ملازمین کو برطرف کیا گیا۔چیئرمین ہدایت اللہ کی زیر صدارت میں ہونے والے اجلاس یوٹیلٹی سٹورز کے حکام نے بتایا کہ یکم جون سے ملک بھر کے سٹورز پر مشروبات کی قیمت میں 30 روپے تک کمی ہو گی ٗ آٹا 6 روپے فی کلو کم ہو گا۔ حکام نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ یکم جون سے ہی چینی 5 روپے فی کلو، گھی اور کوکنگ آئل 10 روپے فی کلو، ڈبے کے دودھ میں 8 روپے فی کلو اور چائے کی پتی کی قیمت میں 87 روپے فی کلو کمی کی جائیگی جبکہ کھجور کی قیمت میں 40 روپے سے 80 روپے فی کلو کمی ہو گی۔