مظفر آباد(این این آئی)پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت میں شامل 2 وزراء نے حکومتی رویے سے دل برداشتہ ہو کر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا اطلاعا ت کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر حکومت میں شامل دو وزراء عبدالماجد اور چوہدری محمد حسین نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا ٗ وزیر مالیات عبدالماجد اور وزیر جیل چوہدری محمد حسین نے بتایا کہ حکومت کے امتیازی سلوک اور ناروا رویے سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا۔مستعفی ہونے والے وزراء کے مطابق گزشتہ روز کشمیر کونسل کے انتخابات کیلئے اپنے من پسند امیدواروں کو منتخب کرنے کے لئے کروڑوں روپے کی بولیاں لگائی گئیں اور وزراء سے قرآن پاک پر حلف بھی لیا گیا تاہم ہمارے ضمیر نے یہ سودا گوارا نہیں کیا کہ ہم امیدواروں کے چناؤ کے لئے قرآن پاک پر حلف لیں اس لئے اپنی وزارتیں چھوڑ دیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دیگرکئی رہنما حکومتی رویے سے نالاں ہیں اور بہت جلد دیگر لوگوں کے استعفے بھی آئیں گے۔دوسری جانب آزاد کشمیر کونسل کی 4 نشستوں کے لئے انتخابات کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس میں پیپلز پارٹی 2 جب کہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم کانفرنس نے ایک ایک سیٹ حاصل کی۔