اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پر مریم نواز کے بیٹے کے عمران خان کی تعریفوں سے بھرپور بیان پر جنید صفدر کوتنقید کا سامنے کرنا پڑا تو جنید صفدر نے فوری طور پر وضاحت کر دی کہ میرے بیان اور خان صاحب کی تعریفوں کا مطلب یہ نہیں تھا کہ میں نے اپنے خاندان سے بغاوت کر دی ہے۔مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سخت سیاسی حریف ہیں اور ایک دوسرے پر طنز اور الزامات کے خوب نشتر بھی چلائے جا رہے ہیں لیکن اس دوران وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے صاحبزادے محمد جنید صفدر نے عمران خان کے بارے میں تعریفوں اور ان کی انسانیت بارے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا تو سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی۔جنید صفدر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر ایک ویڈیو جاری کی اور اس کے ساتھ عمران خان بارے اپنے پیغام میں کہا کہ ”میں شائد آپ کی سیاست سے اختلاف کر سکتا ہوں لیکن جب آپ قوم کی خدمت کرتے ہیں تو میں اس کی تعریف کرتا ہوں۔ یہ انسانیت ہے اور آپ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو نے مجھ پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بہت عزت اور بہت چاہنے والے لوگ دیئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی کچھ زبردست خوبیاں بھی۔ برائے مہربانی پاکستانیوں کو ان خوبیوں سے فائدہ اٹھانے دیں نا کہ ان چند لوگوں کو جو آپ کی پالیسیوں کا تعین کرتے ہیں۔ جب حالات اپنا رخ بدلیں گے اور کوئی پریشانی آئے گی تو یہ آپ کے ساتھ نہیں ہوں گے جیسا کہ ماضی میں ہوا ہے۔ یہ لوگ سب سے پہلے بھاگیں گے لیکن آپ کے چاہنے والے جو آپ کیلئے دعائیں کرتے ہیں۔ کسی انسان کی جان بچانے پر تحریک انصاف یا مسلم لیگ (ن) کی مہر نہیں لگے گی، ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنا سیکھیں“۔اس بیان کے بعد آج جنید صفدر نے سوشل میڈیا پر فوری یہ وضاحت جاری کی کہ میں نواز شریف ہوں اور خان صاحب سے متاثر ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے اپنے خاندان سے بغاوت کر دی ہے۔