اسلام آباد (آئی این پی ) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،گرمی اورلوڈشیڈنگ میں مچھر کے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔ موسم بدلا ، رْت ہی بدل گئی ، اسلام آباد سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں برستی بارش سے کئی دونوں سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ مرجھائے چہرے کھل اٹھے ، لاہور میں کالی گھٹاؤں کے ساتھ تیز ہواؤں نے موسم کو حسین بنا دیا ، ہرسو خوشی کے رنگ بکھر گئے۔ کالی گھٹائیں چھاگئیں ، میگھا بھی برس گیا ۔موسم کی تبدیلی نے ہر چہرے کو کھلا دیا۔ بارش کا پہلا قطرہ زمین پر پڑتے ہی ہر سو خوشی کے رنگ بکھر گئے۔اور کئی دنوں سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ اسلام آباد میں بارش سے رْت ہی بدل گئی۔ بادل پہلے گرجے اور پھر برسے جس نے شہر اقتدار کے موسم کو سہانا بنا دیا۔ لوگوں نے سہانا موسم ہونے پر شکر ادا کیا۔ آزاد کشمیر میں بھی بارش سے موسم حسین ہوگیا۔ وادی شہزادی کا منظر پیش کرنے لگی۔ مری ، سیالکوٹ، گجرات اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ موسم کی خبر دینے والوں نے سندھ کے میدانی علاقوں میں رہنے والوں کیلئے بھی اچھی خبر دی کہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سکھر اور لاڑکانہ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا تاہم بالائی خیبر پختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ،پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن)،اسلام آباد،بالائی پنجاب(سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن)، فاٹا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر تیز ہوائیں/آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔ ڈی آئی خان، بنوں ، ملتان، ڈی جی خان، کوئٹہ، ژوب، شہید بینظیر آباد،سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں بھی بعض مقامات پر گردآلود ہوائیں/آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کاامکان ہے۔ منگل سے فاٹا ، گلگت بلتستان،کشمیر، بالائی خیبر پختو نخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ مزید بارش کاامکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہیے گا۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اورخشک رہا تاہم سب سے زیادہ بارش پارہ چنار 30،بالاکوٹ،میرکھانی،سیدوشریف07،پٹن، مالم جبہ، دروش، کالام04،کاکول، چراٹ 03، دیر، کوہاٹ 01 ، راولپنڈی 20،سیالکوٹ(ائیرپورٹ 20 ،کینٹ 16) ،جہلم 09 ، گوجرانوالہ ، 08، مری 07، چکوال 05 ،کامرہ ،سرگودھا ،نورپورتھل 04 ،اسلام آباد03،گجرات01۔کشمیر:گڑھی دوپٹہ17، مظفرا?باد15،راولاکوٹ07،کوٹلی، منگلا 02، شہید بے نظیرآباد02ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔