اسلام آباد(آئی این پی)حکومت نے پاناما لیکس پر شور مچانے والے سیاسی مخالفین کو دبانے کی حکمت عملی مرتب کر لی،قرضے معاف کرانے والوں سے وصولیوں کا فیصلہ کیا گیا ،کیس نیب اور ایف آئی اے کو بھجوائے جائیں گے،قرض معا ف کرانے والوں میں سیاستدان ، بیورو کریٹس اور اہم کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پاناما لیکس پر وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان پرشدید تنقید کے بعد قرض معاف کرانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر نے کافیصلہ کیا گیا ہے ،حکومت نے قرضے معاف کرانے والوں سے وصولیوں پر قانونی مشاورت مکمل کر لی، قرضے معاف کرانے والوں کے خلاف جلد ریفرنس نیب اورایف آئی اے کو بھجوائے جائیں گے،قرضے معاف کرانے والوں کی فہرستیں سٹیٹ بنک آف پاکستان مہیا کرے گا ،قرض معاف کرانے والوں کو نیب اور ایف آئی اے کی طرف سے طلب کر کے ان سے پوچھ گچھ بھی کی جائے گی، رقوم موجودہ شرح کے تناسب سے واپس لی جائیں گی۔