اسلام آباد(این این آئی)بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹے موسم گرم اور خشک رہے گا ٗ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا ٗپنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد ڈویڑن اور بلوچستان میں سبی اور مکران ڈویژن میں موسم شدید گرم رہے گا تاہم پشاور، ہزارہ، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن ٗ اسلام آباد ٗبالائی فاٹا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور آندھی کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت کوٹ ادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ٗ لیہ، موئن جوڈرو اور شہید بے نظیر آباد میں پارہ 44 تک جا پہنچا اس کے علاوہ ڈی جی خان اور فیصل آباد میں 43، سکھر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں 42، ملتان میں 41 ٗ حیدر آباد، جہلم، رحیم یار خان، راولپنڈی اور ساہیوال میں درجہ حرارت 40 ریکارڈ کیا گیا۔