کراچی(این این آئی)عمران فاروق قتل کیس میں پیشرفت کے لیے پاکستان نے برطانیہ سے ٹھوس شواہد مانگ لیے ہیں۔ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس چلانے کے لیے ایم کیو ایم کے قائد سے متعلق شواہد ناکافی ہیں۔ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ لندن پولیس سے گرین سگنل ملنے پر ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم برطانیہ روانہ ہوگی، کیس کی تفتیش کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی 5رکنی ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی،اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے ملاقات کرے گی۔ایف آئی اے کے ایک اعلی عہدے دار نے بتایا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس میں شواہد ناکافی ہونے پر ایف آئی ای کی لیگل ٹیم نے لندن پولیس سے رابطہ کرکے مزید شواہد طلب کیے ہیں۔لندن پولیس کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم جون کے پہلے ہفتے میں برطانیہ روانہ ہوگی، ایف آئی اے عہدے دار کا کہنا تھا کہ پاکستان اس کیس سے متعلق تمام دستاویزات برطانیہ سے شیئر کر چکا ہے۔دوسری جانب عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کے لیے اسکاٹ لیڈ یارڈ کی پانچ رکنی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے جو ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے ملاقات کرے گی۔