ممبئی (این این آئی)بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور عامر خان کا تعلق ایک ساتھ تو جیسا بھی ہو لیکن یہ دونوں ایک دوسرے کی فیملی کے ساتھ بے حد اچھے نظر آتے ہیں۔تبھی تو عامر خان نے شاہ رخ کے چھوٹے بیٹے کے لیے کچھ ایسا کردیا جس سے وہ پوری رات نہیں سوئے ساتھ ساتھ شاہ رخ کو بھی جگائے رکھا۔دراصل حال ہی میں شاہ رخ خان نے ایپل کمپنی کے سی ای او کے اعزاز میں ممبئی میں اپنے گھرمنت پر ایک ڈنر رکھا جس میں بولی وڈ کی متعدد بڑی شخصیات بھی شامل تھیں۔اس دوران عامر خان کو بھی وہاں آنے کی دعوت دی گئی تھی، عامر خان اس ڈنر پر تو ضرور آئے ساتھ ساتھ شاہ رخ کے چھوٹے بیٹے ابرام کے لیے کئی دلچسپ تحفے بھی لائے جو یقیناً ابرام کو کافی پسند آگئے۔اس ہی حوالے سے شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے عامر خان کا شکریہ ادا کیا ساتھ ساتھ انہوں نے عامر کو رات کے 4 بجے یہ بھی بتایا کہ ابرام اس وقت بھی ان کے دیے ہوئے تحائف سے کھیل رہے ہیں۔شاہ رخ خان کی جانب سے رکھی گئی اس تقریب میں عامر کے ساتھ ساتھ امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن، مادھوری ڈکشٹ، ثانیہ مرزا اور بولی وڈ کی متعدد شخصیات موجود تھیں۔