اسلام آباد(این این آئی)ایم کیو ایم کے ’’را‘‘سے مبینہ روابط اور منی لانڈرنگ کے معاملے پر سرفراز مرچنٹ نے اسلام آباد میں ایف آئی اے حکام سے ملاقات کی ہے۔ملاقت میں سرفراز مرچنٹ نے اس بارے میں ثبوت بھی پیش کئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سرفرازمرچنٹ نے ایف اے کوایم کیوایم کے’’را‘‘سے مبینہ روابط سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن پولیس نے اس کیس میں روایتی تندہی سے تحقیقات نہیں کی ۔متحدہ کو رقم فراہم کرنے والے ظفر اقبال نے تفتیش میں تعاون نہیں کیا۔تعاون نہ کرنے کے باوجود ظفر اقبال کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جس کے بعد اب ایف آئی اے،انٹیلی جنس حکام پرمشتمل تحقیقاتی کمیٹی معاملے کی چھان بین کررہی ہے اس بارے میں ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نامکمل فائل سے منی لانڈرنگ کیس کے مستقبل پر سوال پیدا ہو گئے۔اسکاٹ لینڈ یارڈ نے نامکمل فائل کراؤن پراسیکیوشن کے حوالے کی۔