اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں ہفتے پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔ جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہیں گے اور ملک کے وسطی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی درجہ حرارت اوسطً 4 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے اوراس کے باعث برف اور گلیشئرتیزی سے پگھلنے کا امکان ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات محمد افضل نے بتایا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہیگا ٗپنجاب اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ (سکھر، لاڑکانہ ٗمیرپور خاص ٗشہید بینظیر آباد ڈویژن)، سبی اور مکران ڈویژن میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمندری ہواؤں کے تسلسل کی وجہ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ نہیں ہو گا۔کراچی میں دن کے درجہ حرارت (معمول کے مطابق) 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہیگا سمندر سے مسلسل ہوائیں متغیر رفتار اور آرام دہ نمی کے ساتھ چلتی رہیں گی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق لاڑکانہ52، دادو، موہنجوداڑو،سبی،سکھر، پڈعیدن، جیکب آباد51، رحیم یار خان50، روہڑی، تربت، حیدر آباد، مٹھی، خانپور، بھکر 49، نورپورتھل، کوٹ ادو، بہاولنگر اور شہید بینظیرآباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔