اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنما و امیدوار قانون ساز اسمبلی چوہدری اظہر صادق نے اپنے چچا سابق سینیئر وزیر چوہدری یوسف کے ہمراہ پانامہ لیکس انکشافات کی وجہ سے (ن) لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے جبکہ چوہدری یوسف اور اظہر صادق گزشتہ ماہ قانون ساز اسمبلی کا ٹکٹ ملنے کی شرط پر (ن) لیگ میں شامل ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اظہر صادق نے چیئر مین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی ہے جس میں جہانگرین ترین، بیرسٹر سلطان محمد چوہدری ، فیصل جاوید، سردار امتیاز اور ظفر انور بھی موجود تھے۔ اظہر صادق ملاقات کے دوران اپنے چچا چوہدری یوسف اور پورے خاندان سمیت تحریک انصآف میں شمولیت اختیار کی اور کہا کہ پانامہ لیکس انکشافات میں شریف برادران کی کرپشن کا پول کھول دیا، کرپٹ نظام کیس اتھ نہیں چل سکتے اس لئے ریاست میں صاف و شفاف نظام کے لئے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس موقع پر چیئر مین تحریک انصاف ععمران خاننے اظہر صادق کو پارٹی میں شمولیت کرنے پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کیا اور کہا کہ اظہار صادق اور چوہدری یوسف کی تحریک انصاف میں شمولیت سے ڈھڈیال میں تحریک مضبوط ہو گی۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں صاف و شفاف نظام چاہتی ہے آزاد کشمیر کے لوگوں کی کثرت کے ساتھ تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ روایتی سیاست دانوں سے تنگ آ چکے ہیں اور آزاد کشمیر میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے آنے والے انتخابات جیت کر مثال قائم کرے گی۔