اسلام آباد(آئی این پی)عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف قومی مجرم ہیں ‘ قوم کے پیسوں پر ڈاکہ مارا ہے ‘ عمران خان کو پیپلز پارٹی کے چکر میں نہیں آنا چاہیے تھا وہ تو خود کرپٹ ہے ‘ پارلیمنٹ کرپشن پر پردہ مت ڈالے ‘ کرپشن کرنے والے کو سزائے موت ہونی چاہیے ‘ کرپشن ختم نہیں ہو گی تو سخت مارشل لاء آء گا ‘ ایسے ٹی او آرز تشکیل دئیے جائیں جو کرپٹ لوگوں کو پکڑ سکیں۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ٹھیک اعلان کیا ہے کہ کرپشن کے خلاف سڑکوں پرنکلیں گے کرپٹ لوگو ں کو پکڑ کر سخت سزا دینی چاہیے۔ پانامہ لیکس کے معاملہ پر پیپلز پارٹی سنجیدہ نہیں نظر آ رہی۔ ڈاکٹر عاصم حسین کو بچانا چاہتی تھی اور حکومت کے ساتھ مک مکا کیا ہوا ہے۔