اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان جتنا زور حکومت کو گرانے کے لئے لگارہے ہیں اتنا اگر قومی کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے لگائیں تو اچھا ہو ۔ عمران خان کو دو سال پہلے درخواست کرنی چاہیے تھی ۔ بلدیہ ٹاؤن کے 250شہداء سے انصاف ہونا چاہیے بلدیہ ٹاؤن واقع میں جو بھی ملوث یا مجرم ہوگا اس کیخلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز رشید نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں دو سو پچاس افراد کی ہلاکت کے معاملے کو وزیراعظم نے بہت سنجیدگی سے لیا آج بھی کراچی میں وزیراعظم کو سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر مکمل بریفنگ دی جائے گی ۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ وزیراعظم کے ایجنڈے میں شامل ہے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کا کہنا ہے کہ دہشتگردی صرف ایک صوبے کا مسئلہ نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مل کر مقابلہ کرنا ہوگا ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے مسلح افواج سے ملکر بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن بلوچستان مکمل ڈسپلن میں ہے اور سیاسی جماعتوں میں اختلافات کی خبریں نئی بات نہیں مسلم لیگ ن منظم جماعت ہے۔ اس کا مظاہرہ سینٹ انتخابات میں بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات کے ٹکٹ ارکان اسمبلی کی تعداد کے مطابق جاری کئے گئے ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لئے تمام جماعتیں متحد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے کھلاڑیوں کو ملک میں عالمی معیار کے کھلاڑیوں سے کھیلنے کا موقع نہیں ملتا قومی ٹیم کو ایسے مواقع ملنے چاہئیں۔ پاکستان کو پر امن ملک بنائیں گے تاکہ بین القوامی کرکٹ ٹیم پاکستان میں آ کر میچ کھیلیں۔